17.1 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںپنجاب کی تاریخ میں پہلی بار نگہبان رمضان پیکج کے تحت 30ارب...

پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار نگہبان رمضان پیکج کے تحت 30ارب روپے مستحق گھرانوں کی دہلیز پر پہنچائے جارہے ہیں،سلمیٰ بٹ

- Advertisement -

سرگودھا۔ 18 مارچ (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب پرائس کنٹرول سلمی بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار نگہبان رمضان پیکج کے تحت 30 ارب روپے 30 لاکھ مستحق گھرانوں کو نقدی کی صورت میں ان کی دہلیز پر پہنچائے جارہے ہیں جس سے مجموعی طورپر ایک کروڑ 80 لاکھ افراد مستفید ہوئے ہیں ۔ اب تک ساڑھے 23 ارب روپے کیش کروا لئے گئے ہیں ۔ صوبہ بھر میں 18 ہزار ایجنٹس کیش کی ادائیگی کیلئے مقرر کئے گئے ۔ کٹوتی پر 237 ایجنٹ کے خلاف ایف آئی آر زدرج کروائی گئیں جبکہ 64کیش پوائنٹس سیل کئے ہیں ۔ اس امر کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ سرگودھا کے دوران سہولت ماڈل بازار یونیورسٹی روڈ کے معائنہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے افراد جو اب اس دنیا میں نہیں ہیں ان کے نام جاری کردہ پے آرڈرز ان کی بیوگان کے نام منتقل کر دیئے گئے ہیں ۔

اس طرح ایسے بزرگ جن کی بائیو میٹرک نہیں ہو پارہی ان کی آسانی کیلئے ڈی وی ایس سسٹم فعال کر دیاگیاہے جبکہ ایسے مستحقین جن کے شناختی کارڈ ایکسپائرہو چکے ہیں ان کو پول سسٹم کے ذریعے ادائیگی کی جارہی ہے ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ لوگوں کی عزت نفس کو محفوظ رکھتے ہوئے ان کا حق ان کے گھروں تک پہنچایا جائے ۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ کیش کی فراہمی کا بنیادی مقصد مستحقین اپنی ترجیحی خود بناکر خرچ کر سکیں۔ اس کی شفافیت یہ ہے کہ پے آرڈرز اس کو ملے گا جس کا نام لکھا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ رمضان نگہبان پیکج سے استفادہ کر سکیں ۔ انہوں نے قلیل مدت میں بے آرڈرز مستحقین کو ان کی دہلیز تک پہنچانے پر ضلعی انتظامیہ کو شاباش دی ۔ ایک سوال کے جواب میں سلمہ بٹ کا بتانا تھا کہ صوبہ بھر میں 80جبکہ سرگودہا میں 8 سہولت رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں جہاں کھانے پینے کی بنیادی اشیاءمقررہ قیمتوں سے بھی کم پر دستیاب ہیں ۔65لاکھ افراد نے اب تک رمضان بازاروں سے استفادہ کیاہے ۔

ایک او رسوال کے جواب میں ان کا بتانا تھا کہ چھوٹے گوشت اور گائے کے گوشت کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے میکنزم بنا رہے ہیں ۔ اس طرح چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے ۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب پرائس کنٹرول نے سہولت رمضان بازار کے ایک ایک اسٹال پر جا کر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیا اور خریداروں سے اشیاءکے معیار اور قیمتوں بارے دریافت کیا ۔ شہریوں نے کم قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کی تعریف کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573897

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں