اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):قومی آفات سے نمٹنے کا ادارہ (این ڈی ایم اے ) اور جاز پاکستان آفات کے خطرے سے آگاہی اور ابتدائی وارننگ حکمتِ عملی تیار کرنے کے لئے باہمی اشتراک کریں گے۔ جاز این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ کو مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکسٹ ٹو آڈیو اور علاقائی زبانوں میں ترجمے کی خصوصیات سے بہتر بنائے گا۔ اور ملک گیر سوشل میڈیا مہمات کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی، آفات کے خطرات اور حفاظتی تدابیر سے متعلق آگاہی بڑھانے میں معاونت کرے گا۔
جاز اور این ڈی ایم اے آفات سے نمٹنے کی تیاری کو بہتر بنانے کے لئے تربیتی پروگراموں، ورکشاپس، اور عوامی آگاہی مہمات پر بھی مشترکہ کام کریں گے۔ جاز ہنگامی حالات میں وسائل کو متحرک کرنے اور اہم مواصلاتی خدمات فراہم کرکے ریسکیو سرگرمیوں میں بھی معاونت کرے گا۔ یہ شراکت پاکستان میں آفات سے تحفظ اور کمیونٹی سیفٹی میں موبائل ٹیکنالوجی کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573927