لاہور۔18مارچ (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور کے سالانہ سپورٹس ڈے کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا اور بچوں کے ہمراہ مختلف کھیلوں کے مقابلے دیکھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی توانائی کو مثبت سمت میں ڈالنے اور قومی ترقی کا ایک موثر ذریعہ ہیں۔ کھیل نہ صرف جسمانی اور ذہنی نشوونما میں مدد دیتے ہیں بلکہ قومی یکجہتی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد، افسران اور عملے کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں یہ ادارہ ایک مثالی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے بیورو کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان کی حمایت ہمیشہ ان بچوں اور ادارے کے ساتھ رہے گی۔ملک محمد احمد خان نے ہنرمندی کے پروگراموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے تحت جاری مختلف تربیتی پروگراموں نے یہاں مقیم بچوں کو خود مختار بنا دیا ہے۔انہوں نے چائلڈ رائٹس کاکس کے قیام کو بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں گی جو بچوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کامیابیوں اور بچوں کی زندگیوں میں آنے والی مثبت تبدیلیوں پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف ایک پناہ گاہ بلکہ ایک ایسی جگہ بن چکا ہے جہاں بچوں کی زندگیوں کو سنوارنے اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بعد ازاں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے قومی سلامتی کے حالیہ معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حساس معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ ملک کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اس معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو قومی سلامتی اجلاس میں شریک ہونا چاہیے تھا کیونکہ یہ ملک کا اہم ترین معاملہ ہے اور ہر جماعت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پر متفقہ موقف اپنائے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ دو مواقع پر وہ خود گواہ رہے ہیں جب قومی سلامتی کے معاملات پر پی ٹی آئی نے شرکت نہیں کی، جبکہ ماضی میں عمران خان بطور وزیر اعظم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ آج بھی نیشنل سکیورٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی نے شرکت نہیں کی، جو ان کی غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پی ٹی آئی کو اپنے مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کے لیے سوچنا چاہیے اور ایسے مسائل پر سیاست کرنے سے گریز کرنا چاہیے جو قومی وحدت کے متقاضی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں تھے، تب بھی شہباز شریف نے بطور اپوزیشن لیڈر قومی سلامتی اجلاس میں شرکت کی، کیونکہ ملکی مفاد ہمیشہ سیاسی اختلافات سے بالا تر ہونا چاہیے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ نواز شریف موجودہ صورتحال میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور یہ ضروری ہے کہ تمام سیاسی قیادت بشمول مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنما ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا حل نکالا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573952