بہاول پور۔ 18 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریبات کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ہیڈ کوارٹر)، اسسٹنٹ کمشنر صدر، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر، انچارج ریسکیو 1122، پی ایچ اے،محکمہ ایجوکیشن، ضلع کونسل،بہاول پورڈیویلپمنٹ اتھارٹی و دیگر نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے جو ہمیں قربانی، اتحاد اور آزادی کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان شاندارانداز میں منانے کے لیے تمام محکمے مکمل تیاری کریں اور مختلف تقریبات کو منظم و پروقار بنانے کے لیے بھرپور ملی جذبے سے اقدامات کریں۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے کہا کہ 23 مارچ کو پرچم کشائی اور سلامی کے ساتھ ساتھ اسکولوں اور کالجز میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اُس روز صبح نو بجے ڈی سی آفس سے لائبریری چوک تک واک ہوگی جس میں پولیس بینڈ، ریسکیو 1122، پولیس ایلیٹ فورس، ویسٹ مینجمنٹ، سول ڈیفنس، سکولوں کے بچے، ڈاکٹرز، بوائز سکاؤٹس،اور سول سوسائٹی کے لوگ شریک ہوں گے۔
اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے یومِ پاکستان کی تقریبات کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔ اجلاس میں تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے تفصیلی غورو خوض اور مشاورت کی گئی اور ضروری اقدامات کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573975