ترکیہ، استنبول کے میئر کی یونیورسٹی کی ڈگری منسوخ ،صدارتی انتخابات میں حصہ لینے سے محروم ہو گئے

استنبول ۔19مارچ (اے پی پی):ترکیہ کی ایک یونیورسٹی نے اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے استنبول کے میئر اکرام امام اوغلو کی ڈگری کو منسوخ کر دیا،یونیورسٹی نے ان پر غلط طریقے سے ڈگری حاصل کرنے کا الزام عائد کیا ہے جس پر وہ اب صدارتی انتخابات میں حصہ لینے سے محروم ہو گئے ہیں ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق استنبول یونیورسٹی کا کہنا …

استنبول ۔19مارچ (اے پی پی):ترکیہ کی ایک یونیورسٹی نے اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے استنبول کے میئر اکرام امام اوغلو کی ڈگری کو منسوخ کر دیا،یونیورسٹی نے ان پر غلط طریقے سے ڈگری حاصل کرنے کا الزام عائد کیا ہے جس پر وہ اب صدارتی انتخابات میں حصہ لینے سے محروم ہو گئے ہیں ۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق استنبول یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ صدر رجب طیب اردوان کے بڑے حریف اکرام امام اوغلو سمیت 28 گریجویٹس کی ڈگریاں واضح غلطیوں کے باعث واپس لے لی جائیں گی۔جامعہ کے اس فیصلے سے وہ صدر کے عہدے کے لئے اردوان کو چیلنج کرنے کے موقع سے محروم ہو سکتے ہیں، ایک ایسا عہدہ جس کے لئے اعلیٰ تعلیم کی ڈگری درکار ہوتی ہے، ترکیہ کے سب سے بڑے شہر کے میئر کی حیثیت سے اپنی دوسری مدت میں موجود اکرام امام اوغلو کے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کا امکان ہے۔

ایک صحافی نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس ڈگری نہیں ہے جس پر میئر دفتر نے ان کی بزنس مینجمنٹ ڈپلومہ کی ایک فوٹو کاپی شائع کی ، جو اکرام امام اوغلو نے 1995 میں استنبول یونیورسٹی سے حاصل کی ۔تاہم یونیورسٹی نے ان پر غلط طریقے سے ڈگری حاصل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ڈگری کو منسوخ کر دیا ۔

استنبول یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ وہ استنبول پراسیکیوٹر کے دفتر کے ساتھ ساتھ ہائی ایجوکیشن کونسل کو دستاویزات بھیج رہی ہے۔ ترک صدر کے سخت مخالف، میئر امام اوغلو کو 2028 میں ہونے والے صدارتی انتخاب سے قبل متعدد تحقیقات اور عدالتی مقدمات کا سامنا ہے۔ان کو ترکیہ کی اعلیٰ انتخابی کمیٹی کے ارکان کی ’توہین‘ کرنے پر 2022 میں 2 سال اور 7 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی، اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔