اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی سے جمعہ کو اقلیتی امور کے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے ملاقات کی، رمیش سنگھ اروڑا نے وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی کو وفاقی کابینہ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھیئل داس کوہستانی کے وزیر مملکت بننے سے اقلیتی برادری کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی، ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا،
اس موقع پر وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ اقلیتیوں کے حقوق کے تحفظ کی فراہمی کی علمبردار رہی ہے، پاکستان میں تمام اقلیتیوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں اقلیتوں کے تمام مسائل ملکر حل کریں گے، ملاقات میں دونوں فریقین نے اقلیتوں کے مسائل کے حل اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575248