عمان ۔25مارچ (اے پی پی):اردن میں 25 سالہ نوجوان یاسر الزیاد نے اپنے منہ سے ہوا بھر کر پانی کی ربڑ کی بوتل کو ریکارڈ وقت میں پھاڑ کر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔ العربیہ کے مطابق یاسرنے پانی کی بوتل کے اندر زور دار سانس لے کر 6.5 سیکنڈز کا ریکارڈ بنانے والے روسی چیمپئن کو شکست دے دی اور گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
یاسر ڈیڑھ سال کی شدید تربیت اور سخت مشقوں کے بعد 4.96 سیکنڈز کا نیا عالمی ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوگیا۔ یاسر نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ اس نے اپنے والد کے ساتھ اپنے گھر کی تعمیر کے لیے کنکریٹ اٹھانے سے اپنا سفر شروع کیا تھا۔
یاسر نے کہا "میں نے چھوٹی عمر میں ہی دریافت کرلیا تھا کہ میرے پاس منفرد جسمانی طاقت ہے۔ اس کے بعد میں باڈی بلڈنگ کی دنیا میں داخل ہوا اور وہ وزن اٹھانا شروع کیا جسے اس کی عمر کے لوگ اٹھا نہیں سکتے تھے۔ بڑی محنت کے نتیجے میں میرے دل میں انجری ہوگئی۔ اس صورت حال نے مجھے ڈپریشن میں دھکیل دیا۔
تاہم اس چیلنج کے باوجود یاسر نے حوصلہ نہیں ہارا بلکہ اس نے اپنی توانائی کو سویڈش مشقوں، برداشت کی مشقوں اور جسمانی طاقت کی طرف موڑ دیا۔ صرف یہ جاننے کے لیے کہ اس کے پاس ایک غیر معمولی طاقت ہے جو اوسط شخص کی صلاحیتوں سے زیادہ ہے۔
اس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خطرناک چیلنجز کا سامنا کرنا شروع کیا۔ اپنی غیر معمولی ہمت اور فٹنس کی وجہ سے یاسر نے بڑے پیمانے پر تعریف سمیٹی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576025