کاشتکاروں کو بہاریہ سورج مکھی کی فصل کو فوری طور پر گوڈی کرنے اور مناسب آبپاشی کی ہدایت

95
Department of Agriculture

فیصل آباد۔ 25 مارچ (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو بہاریہ سورج مکھی کی فصل کو فوری طور پر گوڈی کرنے اور مناسب آبپاشی کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ اگاؤ کے بعد جب فصل 4پتے نکال لے تو کمزور اور فالتو پودے اس طرح نکال دیئے جائیں کہ پودوں کا باہمی فاصلہ آبپاش علاقوں میں تقریباً9انچ اور بارانی علاقوں میں 12انچ ہو جائے۔

ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کیلئے جاری سفارشات میں کہا کہ مذکورہ فاصلے کی بنا پر فصل کو اپنے غذائی اجزا حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے اور فصل بھی خوب پھلتی پھولتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈرل سے کاشتہ فصل کو پہلا پانی لگانے سے قبل کم از کم ایک مرتبہ گوڈی ضرور کی جائے تاکہ کھیت میں موجود جڑی بوٹیاں تلف ہو جائیں اور زمین میں ہوا کی آمد و رفت بھی بہتر ہو جائے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار فصل کو روئیدگی کے 20دن بعد پانی ضرور لگائیں تاکہ فصل کو متاثر ہونے سے بچایاجاسکے۔