ملتان۔ 26 مارچ (اے پی پی):ملتان کے تھانہ گلگشت کے علاقہ نواب پور روڈ پر بستی نو کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ڈکیتی، راہزنی ، نقب زنی سمیت 43 سے زائد وارداتوں میں مطلوب بین الاضلاعی گینگ کے سرغنہ کو2 ساتھیوں سمیت زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق بدھ کو سحری سے کچھ دیر قبل گلگشت پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ پانچ مسلح ڈاکوگن پوائنٹ پر راہگیروں سے موٹر سائیکل، نقدی اور دیگر سامان چھین کر بستی نو نواب پور روڈ کی طرف فرار ہو گئے ہیں،جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بستی نو کے قریب نواب پور روڈ پر ناکہ بندی کے دوران ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی طرف سے جوابی فائرنگ کی گئی اور اس دوران 3 ڈاکواپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے جن میں گینگ سرغنہ عامر بلوچ ، عرفان ہراج اور جمیل اعوان شامل ہیں جنہیں پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔ پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین پستول، چوری کی موٹر سائیکل،موبائل فونز اور ہزاروں روپے کی نقدی سمیت دیگر سامان برآمد کر لیا۔زخمی ڈاکوؤں کو علاج معالجہ کے لئے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے فرار ملزمان کی گرفتار ی کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576286