18.2 C
Islamabad
منگل, اپریل 1, 2025
ہومقومی خبریںابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کمیونٹی آگاہی تقریب کا اہتمام...

ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کمیونٹی آگاہی تقریب کا اہتمام ،پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کی شیخ خلیفہ بن زید عرب پاکستان سکول کی تزئین و آرائش میں کمیونٹی کی پرجوش شرکت کی تعریف

- Advertisement -

ابوظہبی۔26مارچ (اے پی پی):ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے نے کمیونٹی آگاہی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کی بڑی تعداد نے تاریخی شیخ خلیفہ بن زید عرب پاکستان سکول کی تزئین و آرائش اور توسیع میں معاونت کی۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اس نیک مقصد میں کمیونٹی کی پرجوش شرکت کی بھرپور تعریف کی۔

- Advertisement -

انہوں نے سکول کو ایک پائیدار لیڈرشپ تعلیمی ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے سوشل کنٹری بیوشن اتھارٹی معان ابوظہبی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے سفارت خانے کے عزم پر زور دیا۔ سفیرفیصل ترمذی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے 2025 کو کمیونٹی کا سال کے طور پر منانے کے اعلان کے مطابق سفارت خانہ پاکستانی برادری کے اجتماعی جذبے کو فروغ دے رہا ہے تاکہ وہ سکول کی مدد کرکے معاشرے کی معاونت کرسکے۔

انہوں نے کہاکہ شیخ خلیفہ بن زید عرب پاکستان سکول نسلوں سے تعلیم کا اہم سنگ میل ہے، اپنی کمیونٹی کی غیر متزلزل حمایت سے ہم اسے معیاری اور جامع تعلیم کے لئے ایک ماڈل ادارے میں تبدیل کر سکتے ہیں ،مرحوم شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی سرپرستی میں 1974 میں قائم کیا گیا یہ سکول سالانہ 2,000 سے زائد طلبا کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے جو پاکستانی کمیونٹی اور سفارت خانے کی مشترکہ کوششوں سے تعمیر کیا گیا،سکول کو اب عصری تعلیمی معیارات پر پورا اترنے کے لیے اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد بشمول ایک نئے بلڈنگ بلاک کی تعمیر، باؤنڈری والز کی تعمیر نو، فرش اور فرنیچر کی فراہمی جیسی اہم ضروریات کو پورا کرنا تھا، مزید برآں اساتذہ کے لیے رہائشی بلاک کی تعمیر کے منصوبے جاری ہیں، جس سے عملے کی بہتر بہبود کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

تقریب کے دوران سکول کے پرنسپل عبدالرشید نے ادارے کی 50 سالہ تعلیمی فضیلت پر روشنی ڈالی اور کمیونٹی سے تعاون جاری رکھنے کی اپیل کی۔پاکستانی سفارت خانہ نے کمیونٹی کے تمام اراکین اور مخیر افراد پر زور دیا کہ وہ اتھارٹی معان ابوظہبی اور سفارت خانے کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے اس تبدیلی کے اقدام میں دل کھول کر حصہ ڈالیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576537

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں