22.1 C
Islamabad
بدھ, اپریل 2, 2025
ہومقومی خبریںیوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا دن ہے، پاکستان...

یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا دن ہے، پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا، سید یوسف رضا گیلانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےکہا ہے کہ یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا دن ہے، مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق نکالا جانا چاہیے،پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔ جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق یوم القدس کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ یہ دن مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزادی کی مکمل حمایت کرتے آئے ہیں اور اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی ظلم و جبر کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق نکالا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا اور ان کے ساتھ ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے امت مسلمہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ ان کو حق خودارادیت حاصل ہو سکے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، تاکہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو اس کے غیر قانونی اقدامات سے باز رکھنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کریں اور فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576838

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں