تہران۔28مارچ (اے پی پی):ایرن کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران نے عمان کے ذریعے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اُس خط کا جواب بھیج دیا ہے جس میں ٹرمپ نے تہران سے ایک نیا جوہری معاہدے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز کہاکہ ہماری پالیسی اب بھی وہی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ دباؤ اور فوجی دھمکیوں کے تحت براہ راست مذاکرات میں شامل نہیں ہوں گے،
تاہم جیسا کہ ماضی میں بھی ہوتا رہا ہے، بالواسطہ مذاکرات جاری رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جواب ایک خط پر مشتمل ہے جس میں ہم نے موجودہ صورت حال اور امریکی صدر کے خط کے بارے میں اپنے خیالات کی وضاحت کی ہے۔ اس سے قبل ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر کمال خرازی نے کہا کہ تہران نے امریکا کے ساتھ تنازعات کے حل کے تمام دروازے بند نہیں کیے اور وہ واشنگٹن کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے لیے تیار ہے تاکہ دوسرے فریق کا اندازہ لگایا جا سکے، اپنے شرائط بیان کی جا سکیں اور مناسب فیصلہ کیا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576872