نیپئر۔28مارچ (اے پی پی):پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ون ڈے سیریز، قومی ون ڈے سکواڈ نے خراب موسم اور بارش کے باعث آپشنل انڈور پریکٹس کی۔ پی سی بی کے مطابق بیٹرز نے نیٹس میں تھرو ڈاؤن پر بیٹنگ مشقیں کیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل(ہفتہ کو )نیپئر میں کھیلا جائے گا جو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہو گا۔
پاکستان ٹیم محمد رضوان کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں بابر اعظم، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، امام الحق شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کو مائیکل بریسویل لیڈ کریں گے اور انہیں ڈیرل مچل، جیکب ڈفی، مارک چیمپئن، ول ینگ، ول اوروک جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔
ٹی 20 سیریز میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور اسے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ 2 اپریل کو ہیملٹن جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 5 اپریل کو ماؤنٹ منگنوئی میں کھیلا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576885