محکمہ داخلہ پنجاب نے عید سے قبل رہا ہونے والے قیدیوں کی تفصیلات جاری کر دیں

115

لاہور۔3اپریل (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے عید سے قبل رہا ہونے والے قیدیوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ترجمان کے مطابق پنجاب میں 469 قیدیوں نے رہا ہو کر اہل خانہ کے ساتھ عید منائی۔ حکام کی جانب سے سزا معافی پر 1789 اسیران کو فائدہ ہوا،ان میں سے 1606 اسیران کی سزا میں 6 ماہ کمی ہوئی جبکہ 183 رہا ہوئے۔

مخیر حضرات اور اداروں کی جانب سے جرمانے، دیت، ارش اور دمان کی ادائیگی سے 281 اسیران رہا ہوئے ایسے نادار قیدیوں کی امداد ہوئی جو سزا پوری کرنے کے باوجود جرمانے کی عدم ادائیگی کے باعث جیلوں میں تھے۔مخیر حضرات اور اداروں نے زکوۃ کی مد میں قیدیوں کی دیت، ارش، دمان اور جرمانے کی رقوم ادا کیں ،قیدیوں کے جرمانے ادا کر کے عید سے قبل انہیں رہائی دلوائی گئی۔رمضان المبارک کے دوران تعلیم مکمل کرنے اور اچھے کردار کا مظاہرہ کرنے پر 5 قیدی رہا ہوئے۔مخیر حضرات قیدیوں کی رہائی کے لئے پنجاب پریزن فائونڈیشن کے اکائونٹ میں عطیات جمع کروا سکتے ہیں ۔