واشنگٹن ۔4اپریل (اے پی پی):آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ امریکی ٹیرف عالمی معیشت کے لئے اہم خطرہ ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے دنیا بھر کے تقریباً ایک سو ممالک سے درآمدات پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کے اقدام کے بعد اپنے پہلےبیان میں آئی ایم ایف کی سربراہ نے نئے امریکی محصولات کو واضح طور پر عالمگیریت کے لئے اہم خطرہ قرار دیتے ہوئے امریکی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے تجارتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں ترقی کی رفتار سست پڑ چکی ہے ایسے اقدامات سے گریز کرنا ضروری ہے جو عالمی معیشت کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں، ہم امریکا اور اس کے تجارتی شراکت داروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تجارتی کشیدگی کو حل کرنے اور غیر یقینی صورتحال کو کم کرنے کے لئے تعمیری کام کریں۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے رواں ماہ کے آخر میں واشنگٹن میں ہونے والے اجلاس میں دنیا بھر کے ممالک سے درآمدات پر امریکی حکومت کی طرف سے محصولات عائد کرنے کا معاملہ اس اجلاس کے ایجنڈے میں سر فہرست ہو گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578378