سیالکوٹ۔5اپریل (اے پی پی):صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اکرام الحق نے کہا ہے کہ ہم وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم کے تہہ دل سے ممنون ہیں جن کی خصوصی کاوشوں کی بدولت بجلی کی قیمت میں 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ اور گھریلو صارفین کے لیے 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وڈیو بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی انڈسٹری کے لیے سستی بجلی کی فراہمی سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ اس جائز مطالبہ کی تکمیل کے لیے ہم حکومتی ایوانوں میں اپنی آواز بلند کرتے رہے جسے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پورا کر دیا ہے جس پر ہم ان کے ممنون ہیں۔
صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس نے کہا کہ ہم یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر، چیئرمین ایف پی سی سی آئی اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ تھنک ٹینک ڈاکٹر گوہر اعجاز، ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز(سول) کی خصوصی کاوشوں اور پاکستان کی تمام بزنس کمیونٹی بشمول فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس و دیگر تمام ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے بھی تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے سیالکوٹ چیمبر کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے سلسلہ میں کی جانے والی کاوشوں میں ہمارا ساتھ دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578677