24.9 C
Islamabad
منگل, اپریل 8, 2025
ہومقومی خبریںای سی سی نے گرانٹس، سبسڈیز اور مختلف اخراجات کو پورا کرنے...

ای سی سی نے گرانٹس، سبسڈیز اور مختلف اخراجات کو پورا کرنے کی مدمیں وزارت خزانہ کیلئے 9 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی

- Advertisement -

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گرانٹس، سبسڈیز اور مختلف اخراجات کو پورا کرنے کی مدمیں وزارت خزانہ کیلئے 9 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ اور نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کے لئے 50ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس پیرکویہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر برائے تجارت جام کمال خان اور وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے شرکت کی۔ مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس کے دوران مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کی جاری منصوبوں اور اقدامات کے لئے کئی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی جاری ہے

حکومت کے وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کیلئے مستقبل میں تکنیکی ضمنی گرانٹس کی تقسیم کی نگرانی کی جائے گی۔اجلاس میں مالی سال 2024-25 کے دوران گرانٹس، سبسڈیز اور مختلف اخراجات کو پورا کرنے کی مدمیں وزارت خزانہ کیلئے 9 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ اور وزارت انسانی حقوق کی تجویز پر نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کے لئے 50ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ 8 ملین سے زائد بچوں کو دو سال کی عمر تک 12 ویکسین سے بچاؤ والی بیماریوں کے خلاف ویکسی نیشن کیلئے وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کے لئے 23.434 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی جس میں سے 23.20 ارب روپے صوبوں کا حصہ اور 622.36 ملین روپے وفاق کا حصہ ہیں، یہ منصوبہ پاکستان کی عوامی صحت کے لئے جاری عزم کا حصہ ہے۔

- Advertisement -

اجلاس میں قومی فرانزک ایجنسی میں تبدیلی کے منصوبہ کی بروقت تکمیل کے لئے 1.06 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی تاکہ منصوبہ 30 جون 2025 تک مکمل ہو سکے۔ اجلاس میں پی ڈبلیوڈی سے سی ڈی اے کومنتقل ہونے والی حکومتی عمارات کی دیکھ بھال اور مرمت کے لئے 264.8 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے 1,000 بیڈز پر مشتمل تعلیمی میڈیکل سینٹر کے قیام کے ضمن میں جناح میڈیکل کمپلیکس اور ریسرچ سینٹر کو 3.57 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی فراہمی کی منظوری، سینٹرمیں تحقیق اور تعلیم کے مراکز بھی شامل ہوں گے، یہ منصوبہ وفاقی دارالحکومت میں تعمیر کیا جائے گا۔ وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی تجویز پر ڈینش ایجوکیشن ٹرسٹ کیلئے 54.5 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی تاکہ پسماندہ علاقوں کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم فراہم کی جا سکے اور ملک بھر میں تعلیمی معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

ای سی سی نے عوامی فلاحی منصوبوں کو آگے بڑھانے، بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے اور صحت، تعلیم اور فرانزک کی خدمات جیسے اہم شعبوں کیلئے اپنے عزم کو دہرایا۔ کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ یہ وسائل عوام کے فائدے کے لئے مؤثر طریقے سے استعمال ہوں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579242

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں