اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):جاز اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت جاز، ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 10 (پی ایس ایل ایکس) کا آفیشل ڈیجیٹل لائف اسٹائل پارٹنر ہوگا۔ یہ شراکت پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لئے جاز کی طویل مدتی وابستگی کا ثبوت ہے جو نہ صرف پروفیشنل سطح پر بلکہ نچلی سطح پر بھی کھیل کی سرپرستی کرتا آیا ہے،جاز ماضی میں بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل اور خواتین کرکٹ کی ترقی میں پیش پیش رہا ہے۔
پیر کو جاز کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جاز کے کنزیومر ڈویژن کے صدر کاظم مجتبیٰ نے کہا کہ پی ایس ایل صرف ایک کھیل نہیں بلکہ قوم کی دلوں کی دھڑکن ہے، بطور ڈیجیٹل پارٹنر جاز ہر میچ کو ایک مکمل ڈیجیٹل تجربہ بنا رہا ہے جہاں جوش، جذبے سے ملتا ہے اور ہر مداح خود کو اس بڑے سفر کا حصہ محسوس کرتا ہے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی 2025 تک لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں 34 دلچسپ میچز ہوں گے، جن میں پہلا مقابلہ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو مرتبہ کی فاتح لاہور قلندرز کے درمیان 11 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔جاز کا ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ پلیٹ فارم تماشا جو پاکستان کی سب سے بڑی مقامی او ٹی ٹی سروس ہے،پی ایس ایل 10 کے تمام میچز براہ راست نشر کرے گا تاکہ شائقین گھر بیٹھے اعلیٰ معیار کی کرکٹ سے لطف اندوز ہو سکیں۔
تماشا نے حالیہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں 2 کروڑ افراد تک رسائی حاصل کی اور 2 کروڑ 23 لاکھ ماہانہ صارفین کا نیا ریکارڈ قائم کیا جس سے یہ پلیٹ فارم پاکستان میں ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ کا سب سے مقبول ذریعہ بن گیا ہے۔تماشا نے حالیہ برسوں میں کئی عالمی کرکٹ ٹورنامنٹس بھی نشر کئے ہیں جن میں خواتین کا ٹی20 ورلڈ کپ 2024، مردوں کا ٹی20 ورلڈ کپ 2024، اور چیمپئنز ٹرافی 2025 شامل ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579303