23.8 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومتازہ ترینوزیراعظم محمد شہباز شریف کا عالمی شپنگ کمپنی کی پاکستان میں 2...

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا عالمی شپنگ کمپنی کی پاکستان میں 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم

- Advertisement -

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی شپنگ کمپنی کی پاکستان میں 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام رکاوٹیں دور کر کے میری ٹائم شعبے کو عالمی مسابقتی معیار پر لانے کا وقت آگیا ہے، خطے میں تجارت اور نقل و حمل کے لئے پاکستان کی بطور راہداری اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار عالمی شپنگ کمپنی اے پی مولر۔میرسک(A. P. Moller – Maersk )کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین رابرٹ میرسک سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے عالمی شپنگ کمپنی کی پاکستان میں 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے گزشتہ سال اے پی مولر۔میرسک کے ساتھ دستخط کی گئی مفاہمت کی یاداشتوں کو جلد از جلد معاہدوں کی شکل دینے کی ہدایت کی ۔

- Advertisement -

وزیراعظم نے عالمی شپنگ کمپنی کے ساتھ میری ٹائم سیکٹر میں اشتراک کے معاہدے کی تشکیل کے عمل کو تیز کرنے کے لئے ٹیکنیکل ورکنگ گروپ بنانے اور ایک ماہ کے اندر سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اب وقت ہے کہ تمام رکاوٹیں دور کر کے میری ٹائم شعبے کو عالمی مسابقتی معیار پر لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی مولر۔میرسک کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری سے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں وسیع پیمانے پر مثبت تبدیلی آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسیع سمندری وسائل سے نوازا ہے، اس شعبے کی استعداد سے فائدہ اٹھا کر ان وسائل کو ملک کی بہتری کیلئے استعمال کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عالمی منظر نامہ میں خطے میں تجارت اور نقل و حمل کے لئے پاکستان کی بطور راہداری اہمیت میں اضافہ ہوا ہے، ملکی معیشت کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ ہم خطے میں ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے پاکستان کو ایک قابل اعتبار اور مؤثر اقتصادی راہداری بنائیں ۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اے پی مولر۔میرسک کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر رابرٹ میرسک نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پوری دنیا میں اے پی مولر۔میرسک کے کلائنٹس نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، اس خطے میں اے پی مولر۔میرسک کا پہلا بحری جہاز 1924 میں آیا تھا اور آج خطے میں پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات کسی بھی دور کے مقابلے میں مضبوط ترین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کے لئے اس خطے میں بطور اقتصادی راہداری کلیدی کردار ہے

جو کہ ہماری کمپنی کے لیے انتہائی اہم ہے۔رابرٹ میرسک نے پاکستان کی سمندری بندرگاہوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بندرگاہوں میں لاجسٹکس کا جدید ترین نظام اور انکو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کر کے خطے میں بذریعہ سمندر تجارت کے لئے ایک منفرد مرکز قائم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ رابرٹ میرسک نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے پر کشش قرار دیا۔

ملاقات میں عالمی شپنگ کمپنی کے ڈی ای او کیتھ سوینڈسن، ڈنمارک کے سفیر جیکب لینلف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر سید توقیر شاہ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579582

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں