اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):سپریم کورٹ کے آ ئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں شہریوں کے مقدمات کی سماعت سے متعلق انٹرا کورٹ اپیلوں کی سماعت 15 اپریل تک ملتوی کر دی۔ وزارت دفاع کے وکیل آئندہ سماعت پر اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جمعرات کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کے روبرو اپنے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 175 کی روشنی میں فوجی عدالتوں کا جائزہ نہیں لیا جا سکتا۔عدالت نے مشاہدہ کیا کہ اگرچہ آرمی ایکٹ ایک درست قانون ہے، پھر بھی فوجی عدالت میں شہریوں کے ٹرائل کے سوال کا جواب دینے کی ضرورت ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ آئین کے آرٹیکل 10 نے آزادانہ اور منصفانہ ٹرائل کے حق سے متعلق سابقہ تمام ابہام دور کر دیئے ہیں ۔خواجہ حارث نے عدالت کے روبرو دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتیں پاکستان کے دفاع سے متعلق ہیں اور بنیادی حقوق کے حوالے سے ان کا جائزہ نہیں لیا جا سکتا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15 اپریل تک ملتوی کر دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580451