عمان/اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):پاکستان۔ اردن دو طرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور عمان میں منعقد ہوا، پاکستان کی جانب سے وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کی۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق اردن کے وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل برائے خارجہ امور اور تارکین وطن ماجد ٹی القطرنح نے کی۔ سیکرٹری خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں استحکام، امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اردن کی کوششوں اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے اس کے مضبوط عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے فلسطین، شام اور دیگر پڑوسی ممالک کے پناہ گزینوں کی میزبانی میں اردن کے کردار کی تعریف کی۔
سیکرٹری خارجہ نے غزہ میں تنازعہ کے تناظر میں تازہ ترین اسرائیلی مظالم اور غزہ میں فلسطینی بھائیوں کے خلاف اسرائیل کی غیر قانونی جنگ دوبارہ شروع کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لانے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور پائیدار حل کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔بیان کے مطابق دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دونوں فریقوں نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ عوامی رابطوں پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔
بات چیت کے دوران فریقین نے اپنے خیالات کی مماثلت کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ اور دیگر کثیر جہتی فورموں میں قریبی ہم آہنگی کو سراہا۔ پاکستان اور اردن کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور پاکستان میں باہمی اتفاق کی تاریخوں پر بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580854