22.1 C
Islamabad
بدھ, اپریل 23, 2025
ہومعلاقائی خبریںحریت کانفرنس کا پروفیسر خورشید احمد کی وفات پر اظہار تعزیت

حریت کانفرنس کا پروفیسر خورشید احمد کی وفات پر اظہار تعزیت

- Advertisement -

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ نے جماعت اسلامی کے ممتاز رہنما پروفیسر خورشید احمد کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ پیر کو یہاں جاری تعزیتی بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے جماعت اسلامی پاکستان کے ممتاز رہنما، نامور مفکر اور بہترین مدبر پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے ان کی وفات کو امت مسلمہ کے لئے ایک عظیم نقصان قرار دیا۔

کنوینر حریت کانفرنس نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد کشمیر کاز کے ایک سچے حامی تھے، انہوں نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کی اور عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا، ان کی خدمات کو کشمیری عوام ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد ایک نہایت ہی نیک دل، صاحب علم اور صاحب بصیرت شخصیت تھے۔ ان کی زندگی اسلامی تعلیمات کی ترویج، معاشرے کی اصلاح، اور مظلوموں کی حمایت کے لیے وقف تھی۔ انہوں نے اپنی فکری بصیرت اور مدلل گفتگو سے نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام میں بھی ایک منفرد مقام حاصل کیا۔ ان کی رحلت سے امت ایک ایسے رہنما سے محروم ہوگئی ہے جنہوں نے ہمیشہ حق و صداقت کی آواز بلند کی اور اعتدال و رواداری کا درس دیا۔

غلام محمد صفی اور جملہ حریت قیادت نے سوگوار خاندان، جماعت اسلامی پاکستان کے اراکین و کارکنان اور پروفیسر خورشید احمد کے تمام محبین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس اس عظیم دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581552

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں