سیالکوٹ۔ 14 اپریل (اے پی پی):گورنمنٹ ہائی سکول محلہ دھارووال کے استاد محمد بوٹا شاہد کی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں الوداعی تقریب و پارٹی کا اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول محلہ دھارووال میں کیا گیا، جس میں سٹاف، طلباء اورشعبہ تعلیم سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سکول کے ہیڈ ماسٹر مرزا ندیم بیگ تھے۔تقریب میں موجود شرکا نے ریٹائرڈ ہونے والے استاد محمد بوٹا شاہد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔سکول کے ہیڈ ماسٹر مرزا ندیم بیگ نے اپنے خطاب میں کہاکہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھا کرتی ہیں،ہم نے ہمیشہ اساتذہ کی قدر کی ہے
استاد علم کے موتی بکھیرتے ہیں اور علم کا ایک قطرہ جہالت کے سمندر سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسائل کے باوجود اپنے ادارہ کی فلاح و بہتری اور خوبصورتی کے لئے کام کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا استاد کا مقام بہت بلند ہے کیونکہ وہ اپنی زندگی کا قیمتی حصہ قوم اور معاشرے کے لیے وقف کرتاہے ۔اس موقع پر پنجاب ٹیچرز یونین کے ضلعی نائب صدر محمد اصغر کاہلوں، سنیئر ٹیچر امیتاز احمد، سنیئر نائب صدر ضلع چوہدری امجد پرویز گھمن، سنیئر رہنما پنجاب ٹیچرز یونین ضلع سیالکوٹ محمد منشاء گھمن، سابق ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول محلہ دھارووال مرید غوث اور دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581756