راولپنڈی ۔14اپریل (اے پی پی):پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ (کل) بروز منگل سے آٹھ شہروں راولپنڈی، ایبٹ آباد، ہری پور، اسلام آباد، کراچی، لاہور، شیخوپورہ اور صوابی میں شروع ہو گا۔ پی سی بی کے مطابق 85 میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں تین روزہ میچز شامل ہیں جبکہ فائنل چار روزہ ہو گا جو 22 سے 25 مئی تک کھیلا جائے گا۔
اس ریڈ بال ٹورنامنٹ میں پاکستان بھر کے 400 سے زائد کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ رنر اپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے ملیں گے۔ ٹورنامنٹ میں کل 27 ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں 14 سے 16 مئی تک ہونے والے کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جبکہ سیمی فائنلز 18 سے 20 مئی تک ہوں گے۔ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کے ناک آؤٹ مرحلے کے مقامات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581982