20.5 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومعلاقائی خبریںایبٹ آباد، ماڈرن ایج گرلز کیمپس میں علمی و ادبی نشست منعقد

ایبٹ آباد، ماڈرن ایج گرلز کیمپس میں علمی و ادبی نشست منعقد

- Advertisement -

ایبٹ آباد۔ 15 اپریل (اے پی پی):ماڈرن ایج گرلز کیمپس میں علمی و ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں ممتاز شاعر، افسانہ نگار، تبصرہ نگار اور ادبی رسالہ شعر و سخن کے مدیر جان عالم مہمانِ خصوصی تھے۔ اس مکالماتی نشست کی نظامت کے فرائض حسب روایت ڈاکٹر عامر سہیل نےانجام دیئے۔ نشست کا آغاز تعارفی کلمات سے ہوا، جن میں ڈاکٹر عامر سہیل نے جان عالم کی ہمہ جہت ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جان عالم نہ صرف ایک پختہ شاعر اور نثر نگار ہیں بلکہ ان کی آواز میں ایک مخصوص دلکشی بھی ہے جو ان کے کلام کو مزید پراثر بناتی ہے۔

ان کا رسالہ شعر و سخن ادبی دنیا میں ایک اہم مقام رکھتا ہے جو سو سے زائد شمارے مکمل کر چکا ہے، جو ان کی مسلسل محنت اور ادب سے لگائو کا واضح ثبوت ہے، ہزارہ میں ان کی ادبی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا گیا۔ اس موقع پر مہمانِ خاص جان عالم نے شرکاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”ادب سے میرا لگائو وراثت میں ملا، والد محترم کا ذوقِ ادب میرے اندر بھی سرایت کر گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب رسالہ نکالنے کا خواب دیکھا جو پورا ہوا، میرا لفظوں کے ساتھ گہرا رشتہ ہے، میں ان کی توہین برداشت نہیں کر سکتا، انہیں لفظوں سے محبت ہے، ان کے اداریئے تخلیقی ہوتے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ دو ایم فل کی ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں اور ان کے نزدیک قرآن مجید ادب کا سب سے بڑا شاہکار ہے۔ نشست میں شرکانے جان عالم سے مختلف سوالات کئے جن کے جوابات میں انہوں نے اپنی ادبی زندگی، تخلیقی سفر، تعلیم و تدریس اور رسالہ نکالنے کے تجربات پر روشنی ڈالی۔ سوالات کرنے والوں میں واحد سراج، احمد حسین مجاہد، امان اﷲ امان، پروفیسر عادل سعید قریشی، ڈاکٹر اخلاق احمد، سید ماجد شاہ، پروفیسر قمر زمان اور دیگر شامل تھے۔

میزبان محفل واحد سراج نے خطاب میں کہا کہ وہ جان عالم کے ممنون ہیں کہ وہ ہمارے درمیان تشریف لائے، مسلسل اور خوش اسلوبی سے کسی ادبی کام کو جاری رکھنا ایک مشکل عمل ہے جسے انہوں نے کامیابی سے انجام دیا۔ ادب کبھی مر نہیں سکتا، تخلیق کاروں کی تخلیق وقت کے ساتھ ساتھ نئے رنگ میں سامنے آتی رہیں گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582072

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں