فیصل آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں ہونیوالی خصوصی ڈی سلٹنگ مہم کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے، اس ضمن میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سروسز اکرام اللہ چوہدری نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید شاہ کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کے ہمراہ سیف آباد سب ڈویژن کے مختلف علاقوں کی ڈی سلٹنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ ڈی ایم ڈی سروسز ڈجکوٹ ڈرین ڈسپوزل اسٹیشن بھی گئے اور وہاں پر متعلقہ علاقہ کے سیوریج کے ڈسپوزآف کرنے کے اقدامات کو چیک کیا۔
اس حوالے سے ایم ڈی واسا عامر عزیز نے کہا کہ موسم برسات کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کے لئے سیوریج لائنوں کی خصوصی ڈی سلٹنگ مہم شروع کی گئی ہے جس کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی مہم کے دوران روزانہ کی بنیاد پر ڈی سلٹنگ کے لئے شیڈول جاری کیا گیا ہے جس پر مکمل عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ اور صفائی مہم مون سون سیزن سے قبل مکمل کر لی جائے گی جس کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی ڈی سلٹنگ کی رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو بھی ارسال کی جارہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582337