لاہور۔15اپریل (اے پی پی):لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے واقعات میں جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے الزام میں درج مقدمے میں نامزد تحریک انصاف کی رہنما و سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی بعد از گرفتاری ضمانت پر سماعت 19 اپریل تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے ایڈمن جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ پراسیکیوشن نے مقدمہ کا ریکارڈ پیش کرنے کیلئے مہلت طلب کی، دلائل دیے کہ مقدمے کا ریکارڈ سپریم کورٹ بھجوا رکھا ہے، پراسیکویشن نے سپریم کورٹ میں دیگر ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیل دائر کر رکھی ہے۔ عدالت نے پراسیکویشن کے بیان کی روشنی میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی بعد از گرفتاری ضمانت پر سماعت 19 اپریل تک ملتوی کر دی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف تھانہ سرور روڈ میںمقدمہ درج ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582346