لاہور۔15اپریل (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے گورنر ہائوس لاہور میں انجمن آرائیاں پاکستان کے صدر میاں محمد سعید ڈیرے والا کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے گورنر پنجاب کو سماجی خدمات کے مختلف منصوبوں بارے آگاہ کیا۔وفدمیں میاں خالد حبیب الہی، چوہدری محمد شکیل، چوہدری حبیب کنول اور میاں حبیب اللہ شامل تھے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے انسانی خدمات کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ کے نزدیک سب سے بڑی عبادت انسانوں کی خدمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ جن شعبوں میں انسانوں کی خدمت کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں فلاح کے کاموں کو اجاگر کرکے پاکستان کا سافٹ امیج واضح کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بے لوث فلاحی کام کر رہے ہیں وہ قابل قدر ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت غربت کے خاتمے کے لیے کثیر الجہتی نقطہ نظر کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف سماجی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جس میں سماجی تحفظ کے جال، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ہنر مندی کے پروگرام سمیت دیگر اقتصادی اصلاحات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے بنیادی اقدامات میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ، احساس پروگرام، اور وزیر اعظم کا یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام، انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری قابل ستائش ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لاکھوں کی تعداد میں خاندان مستفید ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لئے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کو بھی کردار ادا کرنا ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان میں فلاحی کاموں کو اجاگر کرکے پاکستان کا سافٹ امیج واضح کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ بے لوث فلاحی کام کر رہے ہیں وہ قابل قدر ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ غریب اورضرورت مند افراد کی مدد کرنا ہم سب کا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام ہمیں دوسروں کے دکھ درد بانٹنے کا درس دیتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مخیر حضرات سے کہتا ہوں کہ انسانیت کی خدمت کے لئے آگے بڑھ کر کام کریں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ ان لوگوں کو یاد رکھتی ہے جو انسانیت کی بھلائی کے لئے کام کرتے ہیں۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ جن لوگوں کو اللہ نے بہت کچھ دیا ہے ان کو چاہئے کہ وہ انسانیت کی خدمت کے لئے کام کریں۔ اس موقع پر گورنر نے انجمن آرائیاں پاکستان کے عہدیداروں کو سماجی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد اور ایوارڈز بھی دئیے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582372