ریاض ۔16اپریل (اے پی پی):سعودی نائب وزیر خارجہ انجیئنر ولید الخریجی نے کہا ہے کہ تنازعہ سوڈان کے حل اور فریقین میں جنگ بندی کے لیے سیاسی طریقے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنا اہم ہے۔عاجل نیوز کے مطابق لندن میں سوڈان تنازعہ کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی نیابت کرتے ہوئے نائب وزیر خارجہ انجینئرولید الخریجی نے مزید کہا کہ سوڈان تنازعہ کے حل کے لیے بیرونی حمایت و مداخلت کو روکنا ناگزیر و اہم ہے۔
نائب وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’سوڈان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس سے فقط سوڈانی عوام ہی نہیں بلکہ خطے اور عرب و افریقی امن کو بھی خطرہ لاحق ہے۔انجینئرالخریجی کا کہنا تھا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ جنگ بندی اور فریقین کو مذاکرات کی جانب لائیں اور جنگ سے متاثر ہونے والوں کی انسانی بنیادوں پر امداد کے لیے آگے بڑھیں تاکہ وہاں امن قائم ہو اور عوامی ادارے بہتر طریقے سے کام کرسکیں۔
نائب وزیر خارجہ نے سوڈان تنازعہ کے حل کے حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سوڈان بحران شروع ہوتے ہی مملکت کی جانب سے حل کے لیے سفارتی کوششوں کی قیادت کی گئی جس کے تحت ’جدہ مذاکرات ون‘ اور ’جدہ مذاکرات ٹو‘ کی میزبانی بھی کی جس کے نتیجے میں ’جدہ اعلامیہ‘ جاری ہوا جس میں جنگ بندی اور فریقین کو سوڈانی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کا پابند بنایا گیا تھا۔
خطاب کے آخر میں سعودی نائب وزیر خارجہ نے مملکت کے اس موقف کی تجدید کی جس میں تنازعہ کے سیاسی حل کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا تھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582588