ڈیرہ غازی خان ۔ 16 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے درمیان چلنے والی شٹل ٹرین کا افتتاح کر دیا۔بدھ کے روز ڈیرہ غازی خان ریلوے اسٹیشن پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزرا نے کہا کہ شٹل ٹرین چلنے سے ملتان، ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی مسائل جنگی بنیادوں پر حل کررہی ہے،ملک کی 24 کروڑ پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے،دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہماری ترقی کا سفر نہیں روک سکتے۔
وزیر اعظم نے 7 روپے 41 پیسہ فی یونٹ بجلی سستی کرکے عوام کو تحفہ دیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرتوانائی سردار اویس لغاری نے کہاہے کہ آج ڈیرہ غازیخان کی عوام کے لئے بڑی خوشی کادن ہے کیونکہ یہاں پر کئی برس سے بند ریلوے سٹیشن آج دوبارہ بحال کیاجارہاہے اورریلوے سٹیشن پر موجود عوام کی بڑی تعداد اس بات کی گواہ دے رہی ہے کہ مسلم لیگ ن جب بھی برسراقتدار آئی ہے انہوں نے عوامی فلاحی منصوبوں کو ترجیحی بنیاد پر کام کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک برس قبل جب ہماری حکومت برسراقتدار آئی تو پاکستان کو بے شمار چیلنجز کا سامناتھا،ہرطرف پریشانی کاعالم تھا عوام مہنگائی بے روز گاری اوریقینی صورتحال سے پریشان تھی ۔
انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی معاشی صورت حال غیر تسلی بخش تھی اور مہنگی بجلی کی وجہ سے عوام پریشان تھی مگر ایک سال کے اندر وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت اورمحمد نواز شریف کی رہنمائی میں پاکستان اب ترقی کاسفر شروع کرچکاہے اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کی سب سے زیادہ توجہ مہنگائی پرقابو پاناہے ۔
انہوں نے فیصلہ کیاہے کہ سب سے پہلے ملک کے بڑے سیٹھوں کی جیبوں پر ہاتھ ڈالا جائے اوران سے 3400ارب روپے کی وصولی کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز وزیراعظم نے 7روپے 41پیسے فی یونٹ کمی کااعلان کیاہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا، اس وقت 3کروڑ 30لاکھ بجلی کے صارفین ہیں جن میں سے ایک کروڑ 75لاکھ صارفین 200یونٹ سے کم یونٹ استعمال کرنے والے ہیں ان کوبھی بجلی 7روپے 41پیسے سستی ملے گی ۔
سردار اویس لغاری نے کہاکہ جب پاکستان تحریک انصاف برسراقتدار تھی تو ڈیرہ غازیخان کی عوامی کا کوئی پرسان حال نہیں تھا اورنہ ہی یہاں پرکوئی عوامی فلاحی منصوبے شروع کئے گئے جبکہ موجودہ حکومت نے ڈیرہ غازیخان میں سردار فاروق لغاری انٹر نیشنل ایئرپورٹ کو بحال کیا،اس حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے انڈس ہائی وے کو دورویہ کرنے اورکینسر ہسپتال کے حوالے سے بھی کام کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان کاریلوے اسٹیشن گزشتہ کئی برس سے بند پڑاتھاآج اس کو ڈیرہ غازیخان اورملتان کے درمیان شٹل ٹرین چلا کردوبارہ بحال کیاجارہاہے ۔
اس حوالے سے میں وزیرریلوے حنیف عباسی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے شہر کے ریلوے سٹیشن کی رونقیں بحال کی ہیں ۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہاکہ میرے ڈیرہ غازیخان آنے کامقصد یہاں کے عوام میں خوشخبریاں بانٹناہے۔ آج یہاں سے شٹل ٹرین کاافتتاح کیاجارہاہے جو ڈیرہ غازی خان اورملتان کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر چلے گی اس کے علاوہ 24اپریل کو خوشحال حال خان خٹک ٹرین کو بھی بحال کیاجارہے جوکراچی سے براستہ ڈیرہ غازیخان پشاور تک جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلوے کی اس سروس کوکامیاب بنانے کے لئے میں جنوبی پنجاب کے عوام سے تعاون کی درخواست کروں گا تاکہ ہم جلد یہاں سے فریٹ ٹرین کابھی آغاز کرسکیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلوے کی ترقی کاپہیہ عوام کی دلچسپی سے جڑا ہے اور توقع رکھتا ہوں وہ اس شٹل ٹرین کامیاب بنائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ سردار اویس خان لغاری نے مجھے حکم دیاتھاکہ ڈیرہ غازیخان کے ریلوے اسٹیشن کی رونقیں دوبارہ بحال کی جائیں تومیں نے اس پر کام شروع کردیا۔انہوں نے کہاکہ ایک شخص نے گزشتہ دور حکومت میں ملک کی نوجوان نسل کوگمراہ کرنے کی پوری کوشش کی مگرآج کانوجوان سمجھ چکاہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن ہی ملک کوبحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھرپورکوشش کرکے ناراض دوست ممالک سعودی عرب ،چین ،متحدہ عرب امارات اور ترکی سمیت دیگر ممالک کو راضی کیا کیونکہ یہ دوست ممالک گزشتہ دور حکومت کے وزیراعظم کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہم سے ناراض ہوگئے تھے ۔
حنیف عباسی نے مزیدکہاکہ ہم ریلوے ملازمین اوران کے اہلخانہ کی معیار زندگی کو بہترکرنے کے لئے بھی کام کررہے ہیں اوران ملازمین کے بچوں کو بہتر صحت اورتعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں ۔اس شٹل ٹرین کے آغاز سے ڈیرہ غازیخان اورراجن پور کی عوام لاہور ،اسلام آباد اورکراچی کاسفر ملتان ریلوے سٹیشن سے بھی شروع کرسکیں گے ۔وزیرریلوے نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجا ب مریم نواز اپنے صوبے کی عوام کی فلاح وبہبود کے لئے جنگی بنیادوں پرکام کر رہی ہیں آج میں ڈیرہ غازیخان سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں میں جاکر دیکھتاہوں تو مجھے محسوس ہوتاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے صوبے میں صحت ،تعلیم ،شاہرائوں کی بہتری ،ٹرانسپورٹ کے موثر نظام سمیت دیگر منصوبوں پر بھرپورکام کررہی ہیں ۔
حنیف عباسی نے کہاکہ میں دہشت گردوں کو یہ پیغام دینا چاہتاہوں کہ آپ کی بزدلانہ کارروائیوں سے جعفر ایکسپریس کاڈرائیور تک نہیں ڈرا تو پاک فوج کیسے آپ سے ڈر سکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دشمن کو پتہ ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اوروہ اپنی گھٹیا حرکتوں سے پاکستان کو کمزور کرناچاہتاہے مگر اسے یہ معلوم نہیں کہ پاکستان کے چوبیس کروڑ عوام اس کے نظریہ کے محافظ ہیں اوردشمن کومنہ توڑ جواب دینے کے لئے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دشمن ہماری صفوں میں دراڑتیں پیدا نہیں کرسکتا۔
سرائیکی ،بلوچ ،سندھی پختون ،پنجابی اوراقلیتں مل کر ملک کی بہتری کے لئے کام کررہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے اورہم سب نے مل کر دشمن کے عزائم کوناکام بناناہے ۔قبل ازیں وفاقی وزیر سردار اویس احمد خاں لغاری اوروفاقی وزیرریلوے حنیف عباسی ڈیرہ غازیخان ریلوے اسٹیشن پہنچے تو عوام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی اورپاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582742