ضلعی انتظامیہ لاہور کی گراں فروشی کےخلاف کارروائیاں ،16 افراد گرفتار

78
National Highways and Motorway Police

لاہور۔16اپریل (اے پی پی):ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے کہا ہے کہ شہر بھر میں اشیا خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور گراں فروشی کی روک تھام کے لیے انتظامی افسران فیلڈ میں متحرک ہیں۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران گراں فروشی پر 50 خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے مجموعی طور پر ڈھائی لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

مزید برآں، 10 مقدمات کا اندراج کیا گیا، 16 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 7 دکانیں سربمہر کی گئیں۔ متعدد دکانداروں کو فائنل وارننگز بھی جاری کی گئی ہیں۔ڈی سی لاہور نے واضح کیا کہ اشیا خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور کسی کو بھی شہریوں کو لوٹنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گراں فروشی کسی صورت قابل قبول نہیں اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اشیا کی زائد قیمتوں کی صورت میں فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔