31.6 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومعلاقائی خبریںسپیکر پنجاب اسمبلی سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات،باہمی دلچسپی...

سپیکر پنجاب اسمبلی سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال

- Advertisement -

لاہور۔16اپریل (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی اسمبلی چیمبر میں وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔ وفد میں سفیر کی اہلیہ ترانہ فرہادوف اور بیٹا نجات سمیت صدر آذر بائیجان ٹریڈ ہائوس عدیل شجاع بٹ اور پی آر اوآذر بائیجان ہائوس حافظ محمد عثمان شفیق شامل تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان، آذربائیجان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلے سے یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں ممالک کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ سپیکر نے آذربائیجان کے سفیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے، اور دونوں ممالک کے مابین تجارت اور تعاون مستقل طور پر فروغ پا رہے ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں پاکستان اور آذربائیجان ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

- Advertisement -

دونوں برادر ممالک میں تعلقات مذہب، بھائی چارے اور باہمی احترام کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی اور تجارتی سطح پر رابطوں کو فروغ دے کر دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت، تعلیم، توانائی، صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ آذربائجان سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی رابطوں کو فروغ دینے میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔ ملاقات میں اراکین اسمبلی سمیع اللہ خان، احمد سید خان، غزالی سلیم بٹ، عارف محمود گل، امجد علی جاوید، را کاشف، سیکرٹری جنرل عامر حبیب، اور سٹاف افسر عماد بھلی بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583097

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں