فیصل آباد ۔ 19 اپریل (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر پولیس نے ایسٹر کے حوالہ سے گرجا گھروں کیلئے سیکورٹی پلان جاری کر دیا۔ہفتہ کو ترجمان پولیس کے مطابق سی پی او کی ہدایت پرایسٹر ڈے کے موقع پر ضلع بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جس کے تحت339چرچز کی سیکورٹی کیلئے انتظا مات کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھرمیں پولیس کے2002جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ ایلیٹ فورس اور ایس ایچ اوز شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی پٹرولنگ کی ذمہ داریاں سرانجام دینگے۔انہوں نے بتایا کہ ایسٹر ڈے2025کے تہوارکو محفوظ بنانے کیلئے ضلع فیصل آباد میں سیکیورٹی پلان کے مطابق18 جی اوز، 188 اپرسبارڈینیٹ اور1796 کانسٹیبلاں ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے
جبکہ عوامی مقامات اور پارکس پر بھی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔ علاوہ ازیں ایلیٹ فورس کی20کمبٹ ٹیمیں بھی شہر کے گردونواح کے اہم حساس مقامات پر گشت کرتی رہیں گی۔اس کے علاوہ پولیس فورس کی ریزور کو پولیس لائنز میں سٹینڈ ٹو رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے پولیس کی جانب سے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اقلیتوں کی جان و مال کا تحفظ فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔واضح رہے کہ ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار (کل) اتوا کور منائے گی ، اس حوالہ سے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584502