لاہور۔21اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا جس کے دوران مختلف علاقوں سے غیر قانونی سامان، بینرز اور پوسٹرز ہٹا دیئے گئے۔ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ عظمی لاہور کی مشترکہ کارروائیوں میں 8 ٹرک سامان ضبط کیا گیاجبکہ 8000 سے زائد غیر قانونی پوسٹرز اور بینرز کا صفایا کیا گیا۔
آپریشن کے دوران 119 غیر قانونی املاک کو سیل کر دیا گیا۔چیف آفیسر بلدیہ عظمی لاہور شاہد عباس کاٹھیا کی نگرانی میں آپریشنز کامیابی سے مکمل کیے گئے۔ والڈ سٹی، کوٹوالی اور حاجی کیمپ کے علاقوں سے 7 ٹرک سامان جبکہ رائے ونڈ بازار سے ایک ٹرک تجاوزات کا مواد ہٹایا گیا۔میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن ہیڈکوارٹر کاشف جلیل کی قیادت میں انسداد تجاوزات آپریشنز بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمے سے لاہور کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے اور شہریوں کے لیے سڑکوں اور بازاروں تک باآسانی رسائی ممکن ہو رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا خود میگا آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور شہر کو تجاوزات سے پاک کرنا حکومت پنجاب، بالخصوص وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ بلدیہ عظمی اور ضلعی انتظامیہ مل کر شہر کی خوبصورتی، نظم و ضبط اور ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584986