کوئٹہ۔ 21 اپریل (اے پی پی):بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور خود ان کی بہترین کاوشوں کے نتیجے میں ”اڑان پاکستان ”منصوبے کے تحت بلوچستان کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ صوبے کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کیا جا سکے، صوبائی وزیر نے کہا کہ اڑان پاکستان کے تحت مختلف شعبوں جن میں خصوصی طور پر تعلیم اور صحت کے شعبے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں کے علاؤہ صوبے سے بے روزگاری کے خاتمے کے لیے بھی سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں
میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ اڑان پاکستان منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ایسے نوجوان کو جنہوں نے سول، میکینکل اور الیکٹریکل انجینیرنگ میں ڈپلومہ حاصل کیا ہو ان میں سے تقریباً دو ہزار نوجوانوں کو ایک سال کی ٹریننگ دی جائے گی اور اس دوران ان تمام نوجوانوں کو ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا تاکہ دوران ٹریننگ وہ اپنی معاشی ضروریات بھی پوری کر سکیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ اس اہم منصوبے میں نوجوانوں کو ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد مختلف وفاقی و صوبائی محکموں میں تعیناتی کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ہمارے یہ نوجوان برسر روزگار باعزت طریقے سے اپنے خاندانوں کی کفالت کر سکیں
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنی قلیل مدت دور حکومت میں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے جو کوششیں کر رہی ہے اس کے بہترین اثرات نمودار ہونا شروع ہوئے ہیں، صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بلوچستان کی ترقی کے لیے جو سنجیدہ کوششیں جاری ہیں کی حمایت کریں تاکہ ترقی کے اس سفر میں حکومت اور عوام باہمی تعاون سے دور جدید کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔