کوئٹہ۔ 21 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے تربت بین الاقوامی ہوائی اڈے کے توسیعی منصوبے کا دورہ کیا اور ٹرمینل بلڈنگ سمیت مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ ائیرپورٹ پہنچنے پر ایئرپورٹ منیجر سرمد رضوان، پروجیکٹ ڈائریکٹر کاشف علی، کمانڈنگ آفیسر شہری ہوا بازی طاہر سمیع اور اے ایس ایف انچارج غلام حسین نے ان کا استقبال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کی سست رفتاری پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے اور منصوبے کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت کے مطابق منصوبے کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپرن اور پارکنگ ایریا مکمل ہو چکا ہے جبکہ ٹرمینل بلڈنگ آئندہ چند مہینوں میں مکمل کر لی جائے گی، جس سے بڑے جہازوں کی لینڈنگ ممکن ہوگی۔ انہوں نے تعمیراتی کمپنی کو ہفتہ وار تحریری رپورٹ اور ویڈیو اپڈیٹس ڈی سی آفس میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585471