31.6 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںتخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے سعودی وزارت ثقافت اور ٹک...

تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے سعودی وزارت ثقافت اور ٹک ٹاک کے درمیان سمجھوتہ

- Advertisement -

ریاض ۔22اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارتِ ثقافت نے مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹک ٹاک” کے ساتھ تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔العربیہ کے مطابق اس سمجھوتے کا مقصد سعودی فن کاروں اور تخلیقی افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، ملک کے ثقافتی اور سماجی کردار کو نمایاں کرنا، اور سعودی ثقافت و ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔

یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے تحت قومی ثقافتی حکمتِ عملی کے اہداف کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔اس سمجھوتے کے تحت متعدد مشترکہ اقدامات اور پروگراموں کا آغاز کیا جائے گا، ان میں سماجی خدمت کی غرض سے ثقافتی و سماجی اقدار کو فروغ دینا شامل ہے۔ سمجھوتے میں ورکشاپوں، تربیتی کورسوں کے انعقاد کے علاوہ ثقافتی و فنی مہارتوں کی ترقی کے لیے اقدامات شامل ہیں۔ ساتھ ہی سعودی عرب میں منعقدہ ثقافتی تقریبات کی معاونت بھی اس تعاون کا حصہ ہے۔

- Advertisement -

بیان کے مطابق، اس شراکت داری کا مقصد ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے سعودی عوام کے ثقافتی تجربات کو وسعت دینا اور قومی ثقافتی شناخت کو جدید پلیٹ فارموں کے ذریعے دنیا کے سامنے لانا ہے، جو تیزی سے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔سمجھوتے پر دستخط کی یہ تقریب ریاض میں وزارتِ ثقافت کے صدر دفتر میں ہوئی۔ یہاں وزارت کی نمائندگی نہیٰ بنت سعید قطان نے کی، وہ قومی شراکتوں اور صلاحیتوں کی ترقی کی نائب وزیر ہیں۔ ٹک ٹاک کی نمائندگی مملکت میں سرکاری تعلقات اور عوامی پالیسی کے چیف ایگزیکٹو، ڈاکٹر حاتم سمان نے کی۔

اس موقع پر وزارتِ ثقافت اور ٹک ٹاک کے متعدد اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر نہیٰ قطان نے کہا کہ سعودی عرب کا ثقافتی منظر تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، اور وزارتِ ثقافت ملکی و غیرملکی، سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش اداروں کے ساتھ مل کر مقامی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ شراکت نوجوانوں کو تخلیقی انداز میں اپنی ثقافت اور ورثے پر فخر کرنے اور اسے دنیا تک پہنچانے کا ایک مؤثر ذریعہ بنے گی۔

ٹک ٹاک کے سعودی عرب میں سرکاری تعلقات کے چیف، ڈاکٹر حاتم سمان نے کہا کہ یہ شراکت ٹک ٹاک کے اُس عزم کا مظہر ہے جس کے تحت وہ سعودی ثقافت کی ترویج کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹک ٹاک کے حالیہ سروے کے مطابق، سعودی صارفین میں سے 39 فی صد کا ماننا ہے کہ اس پلیٹ فارم نے انہیں اپنی ثقافتی شناخت کے اظہار کا موقع دیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585515

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں