فیصل آباد۔ 22 اپریل (اے پی پی):فیصل آباد سمیت ملک بھر میں کتب کا عالمی دن (ورلڈ بک ڈے) کل (23 اپریل بروزبدھ ) بھر پور طریقے سے منایاجائے گا۔ اس سلسلے میں مختلف ادبی، دینی و تعلیمی حلقوں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات کا انعقاد کیاجائے گاجن سے اہل علم و دانش اور ماہرین تعلیم خطاب کریں گے۔
اس موقع پر لائبریریوں کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے بھی خصوصی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ کتاب کے عالمی دن کے موقع پر طالب علموں میں کتب بینی کا شوق پیدا کرنے کیلئے خصوصی واکس بھی منعقد کی جائیں گی تاکہ طلبہ اور عام شہریو ں میں کتب بینی کا شعور بیدار کیاجاسکے۔
مذکورہ دن کے سلسلے میں پاکستان لائبریری ایسوسی ایشن اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کی جانب سے بھی کئی پروگرام منعقد کئے جائیں گے تاکہ طلبہ کو کتب بینی کے شوق کی جانب راغب کرنے میں مدد مل سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585744