27.7 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں کرغزستان کے سفیر...

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں کرغزستان کے سفیر آوازبیک اٹاخانوف کی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں کرغزستان کے سفیر آوازبیک اٹاخانوف نے منگل کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تجارت، اقتصادی تعاون اور علاقائی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور وزارت تجارت کے سینئر حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نے کرغز سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان و کرغزستان کے درمیان تاریخی و ثقافتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان برادرانہ تعلقات کو ایک جامع اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے تاکہ دونوں ممالک کو باہمی فائدہ پہنچے۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔جام کمال خان نے سفیر کو پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا، جس میں مہنگائی اور شرح سود میں کمی، توانائی کے نرخوں میں کمی اور زر مبادلہ کی مارکیٹ میں استحکام شامل ہیں۔ انہوں نے تجارتی مسائل کے حل اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان زیادہ روابط پر زور دیا۔سفیر آوازبیک اٹاخانوف نے پاکستان میں جاری اصلاحات کو سراہا اور بتایا کہ کرغزستان سے ایک بڑا تجارتی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

- Advertisement -

انہوں نے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں تجارت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔کرغزستان علاقائی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ملاقات میں نئے تجارتی راستوں کی ترقی پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور دونوں ممالک نے تجارت کے لیے نئے مواقع اور راہیں کھولنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ملاقات میں دونوں فریقین نے اعلیٰ سطحی روابط اور تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، اور مئی 2025 میں ہونے والے پاکستان-کرغزستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے پانچویں اجلاس کی تیاری پر بھی اتفاق کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585767

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں