سیالکوٹ۔22اپریل (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ بہاریہ فصلوں اور سبزیوں کی باقیات برداشت کے بعد فوری تلف کردیں کیونکہ ان باقیات کی موجودگی میں سفیدمکھی پیداہونے اور کپاس سمیت دیگر فصلوں پرحملہ آور ہونے کا خدشہ رہتاہے جس سے مذکورہ فصلوں کو سخت نقصان پہنچنے کا احتمال بھی ہوتاہے لہذا اس ضمن میں کسی غفلت یاکوتاہی کامظاہرہ نہ کریں، تاکہ بعد ازاں کاشتکاروں کو کسی مشکل یاپریشانی کا سامنانہ کرناپڑے۔
ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت (توسیع)سیالکوٹ ڈاکٹر رانا قربان علی خان نے اے پی پی کو بتایا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو بہاریہ فصلوں سے سفیدمکھی کے تدارک پرتوجہ مرکوز رکھیں کیونکہ سفیدمکھی کپاس کا انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جوسارا سال متحرک رہتاہے اس لئے کاشتکار حفاظتی اقدامات کے تحت بہاریہ فصلوں اور سبزیوں کی باقیات کو برداشت کے بعدفوراً تلف کردیں۔
انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ کپاس کی کاشت کے علاقوں میں بھنڈی توری، بینگن اور جوارکاشت نہ کریں اور کھیتوں و کھالوں کوجڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں۔ اس سلسلہ میں مزید معلومات کیلئے محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585775