تہران۔22اپریل (اے پی پی):ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران مزید 19 جوہری ری ایکٹر بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر دیئے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اس وقت بوشیر نیوکلیئر پاور پلانٹ میں ایک ری ایکٹر چلا رہا ہے، ہمارا دیرینہ گیم پلان کم از کم 19 مزید ری ایکٹر بنانے کا ہے۔
انہوں نے کہاکہ تہران نے کبھی بھی واشنگٹن کے ساتھ سائنسی اور تکنیکی تعاون کی مخالفت نہیں کی، امریکی کاروباری اداروں کو ایران کی معیشت میں ٹریلین ڈالرز کے مواقع سے فائدہ اٹھانےکی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ توقع کی جارہی تھی کہ ایرانی وزیر خارجہ عراقچی کارنیگی انٹرنیشنل نیوکلیئر پالیسی کانفرنس (کارنیگی فاؤنڈیشن جسے روس میں ایک ناپسندیدہ تنظیم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے) میں خطاب کریں گے تاہم ایرانی وزیر خارجہ نے ایک ایکس پوسٹ میں وضاحت کی کہ منتظمین کی جانب سے اسے سوال و جواب کے سیشن میں تبدیل کرنے کی کوشش کے بعد انہیں اپنا خطاب کو منسوخ کرنا پڑا۔
روس کی روساٹوم سٹیٹ نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کے سی ای او الیکسی لیکاچیف نے 21 فروری کو اعلان کیا تھا کہ کارپوریشن ایران کے ساتھ ملک میں ایک اور نیوکلیئر پاور پلانٹ کی ترقی پر بات چیت کر رہی ہے۔جنوبی ایران کے شہر بوشہر کے قریب جوہری بجلی گھر کی تعمیر کا آغاز 1975 میں مغربی جرمنی کی ایک کمپنی نے کیا تھا لیکن 1979 میں اسلامی انقلاب کے آغاز کے بعد اس میں خلل پڑا۔ 25 اگست 1992 کو روس اور ایران نے پلانٹ کی تعمیر دوبارہ شروع کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے۔ ستمبر 2011 میں ، پہلا پاور یونٹ گرڈ سے منسلک کیا گیا تھا ، اور ستمبر 2013 میں باضابطہ طور پر ایران کے حوالے کردیا گیا تھا۔نومبر 2014 میں ، این پی پی کے دوسرے مرحلے –
دوسرے اور تیسرے وی وی ای آر -1000 پاور یونٹس کی تعمیر کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ ان پاور یونٹس کی تعمیری لاگت تقریبا 10ً بلین ڈالر مقرر کی گئی تھی جن کے سنگ بنیاد کی تقریب ستمبر 2016 میں منعقد ہوئی تھی اور تعمیراتی کام 10 نومبر 2019 کو شروع ہوا تھا۔ توقع ہے کہ دوسرے اور تیسرے پاور یونٹ بالترتیب 2025 اور 2027 میں آپریشنل ہوجائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585900