25.5 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومعلاقائی خبریںپنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں تین روزہ انٹر یونیورسٹی ڈرامہ فیسٹیول کا...

پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں تین روزہ انٹر یونیورسٹی ڈرامہ فیسٹیول کا آغاز

- Advertisement -

راولپنڈی۔ 22 اپریل (اے پی پی):پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام َ’’نشے سے انکار، زندگی سے پیار‘‘ کے عنوان سے انٹر یونیورسٹی ڈرامہ فیسٹیول کا آغاز ہوگیا۔ فیسٹیول کے پہلے روز راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے ڈرامہ ”اندر یکھا جل”جبکہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج ڈھوک حسو نے ”نشہ ہٹا ئو، انسانیت بچاؤ ”کے عنوان سے ڈرامہ پیش کیا۔افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری محکمہ اطلاعات وثقافت شازیہ رضوان تھیں جبکہ مہمانان ِاعزاز وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیلا کمال تھیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شکور،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سرفرازخان اور وقار علی بھی مہمان خصوصی کے ہمراہ تھے۔ڈرامہ فیسٹیول ہائرایجوکیشن کمیشن، اینٹی نارکوٹکس فورس اور شائننگ سٹارز کے اشتراک سے پیش کیا جا رہا ہے۔فیسٹیول میں معروف اداکار انجم حبیبی، سیدبشارت جعفری اور امین شہزادہ ججز کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

- Advertisement -

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری محکمہ اطلاعات و ثقافت شازیہ رضوان نے کہا کہ نشے جیسی لعنت کے خلاف نوجوانوں کو شعور دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈرامہ فیسٹیول اس بات کی گواہی ہے کہ ہماری نوجوان نسل نہ صرف باصلاحیت ہے بلکہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے پرعزم بھی ہے، میں ایسے تمام اقدامات کو سراہتی ہوں جو نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں۔وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر انیلا کمال نے کہا کہ تعلیم صرف کتابوں تک محدود نہیں بلکہ کردار سازی کا دوسرا نام ہے، ’’نشے سے انکار، زندگی سے پیار‘‘ جیسے اقدامات نوجوانوں میں خود اعتمادی، مقصدیت اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں، ہمیں چاہیے کہ ہم ایسی تقریبات کو تسلسل سے منعقد کریں تاکہ ہمارے طلبہ و طالبات اپنے خیالات کو تخلیقی انداز میں پیش کر سکیں۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجادحسین نے افتتاخی تقریب سے خطاب میں کہا کہ فنکار اور آرٹسٹ معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں، جب فن کے ذریعے معاشرتی مسائل اجاگر کیے جائیں تو ان کا اثر دیرپا ہوتا ہے، ہمارا مقصد یہی ہے کہ نوجوان فنکاروں کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کریں جہاں وہ اپنے فن کے ذریعے معاشرتی اصلاح کا پیغام عام کر سکیں اور یہ فیسٹیول اسی سوچ کا مظہر ہے۔ ڈرامہ فیسٹیول میں پہلے ، دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو بالترتیب 100000, 75000,اور 50000کے کیش انعامات اور تعر یفی اسناد سے نوازا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585937

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں