اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے زمین کے تحفظ سے متعلق پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر زندگی کی علامت اور معیشت کا اہم ستون ہیں۔عالمی یومِ ارض کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سمندروں اور ساحلی نظاموں کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ سمندر ماحولیاتی استحکام، موسمیاتی مزاحمت، اور پائیدار معاشی ترقی کے لئے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ بلو کاربن ایکو سسٹمز جیسے مینگروز، سمندری گھاس، اور نمکین دلدلی علاقے کاربن جذب کرنے، حیاتیاتی تنوع برقرار رکھنے اور سمندری حیات کی حفاظت کے لئے نہایت اہم ہیں۔
وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ غیر منظم ترقی، آلودگی، اور موسمیاتی تبدیلی ان نظاموں کے لئے خطرہ بن رہے ہیں۔سمندری آلودگی کے کنٹرول، گرین پورٹس، اور بلیو اکانومی جیسے اقدامات وزارت کی ترجیحات میں شامل ہیں،بین الاقوامی بحری تنظیم کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے،جدید بندرگاہی انفراسٹرکچر اور خودکار کارگو سسٹمز سے ماحولیاتی آلودگی کم کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے تمام فریقین سرکاری اداروں، صنعت، تعلیمی اداروں اور ساحلی برادریوں پر زور دیا کہ وہ سرکلر اکانومی کے اصولوں اور پائیدار سمندری طریقہ کار کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طاقت اتحاد اور جدت میں ہے، مل کر کام کرکے ہم اپنے سیارے کے سب سے قیمتی وسائل کا تحفظ کر سکتے ہیں، معاشی ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں اور آنے والی نسلوں کے لئے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586083