اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ہم تمام مذاہب کے ماننے والوں کا احترام کرتے ہیں ، پاکستان کے آئین کے تحت تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے ، معاشرے میں امن کے لئے مذہبی رواداری بے حد ضروری ہے۔ منگل کو یہاں ہولی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ہر سال مختلف برادریوں کے مذہبی تہوار مناتی ہے ، پاکستان کے آئین میں ضمانت دی گئی ہے کہ سب مذاہب کے ماننے والوں کو مذہبی آزادی ہے ، قائد اعظم نے پاکستان کے جھنڈے میں سفید رنگ شامل کرکے اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دی ، ہم سب پاکستانی ہیں، ایک دوسرے کی خوشیوں اور غم میں برابر کے شریک ہیں ، ہمارے قائد نواز شریف نے اس طرح کی تقریبات منانے کی منظوری دی ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کا احترام کرتے ہوئے ان کی مذہبی تقاریب منائی جائیں۔سینیٹ ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں غیر مسلم برادریوں کے لیے نشستیں مختص کی گئی ہیں اور یہ براہ راست الیکشن بھی لڑ سکتے ہیں۔اس ملک میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر مسلم پاکستانیوں کے بچوں کو وظائف اور ان کے بچوں کی تربیت اور صحت کے لیے فنڈز دیئے جاتے ہیں۔
اقلیتوں کے لیے ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ بھی مقرر ہے ، معاشرے میں امن قائم کرنے کے لیے مذہبی رواداری ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حکومت نے پیغام دیا ہے کہ دنیا میں جہاں بھی ظلم ہو اس کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے ، مذہب انسانیت سکھاتا ہے اور اس میں رواداری ہوتی ہے ، ہمیں معاشرے میں ایسا کردار ادا کرنا چاہیےتاکہ ہر شخص خوشی کے ساتھ رہے ، ہماری وزارت ایسٹر اور جشن نوروز کا تہوار بھی منائے گی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586113