39.9 C
Islamabad
پیر, اپریل 28, 2025
ہومقومی خبریںقائم مقام سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ سے آئی ٹی...

قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ سے آئی ٹی یو سی کے جنرل سیکرٹری لک ٹرائنگل کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ سے انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن (آئی ٹی یو سی)کے جنرل سیکرٹری لک ٹرائنگل کی سربراہی میں وفد نےپارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔اس موقع پر ایشیا پیسیفک کے ریجنل سیکرٹری جنرل مسٹر شویا یوشیدا بھی موجود تھے۔ بدھ کوقائم مقام سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر خیرمقدم کیا۔انہوں نے پاکستان میں جمہوری عمل کے استحکام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوری ادارے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان محنت کشوں، مزدوروں اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے پر عزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سے محنت کشوں اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جمہوری نظام مستحکم ہو چکا ہے اور گزشتہ چار عام انتخابات کے نتیجے میں حکومت ایک منتخب جمہوری حکومت سے دوسری منتخب حکومت کو منتقل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی غیر مستحکم صورتحال کے باعث پاکستان کی معیشت کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور بدقسمتی سے افغانستان اس کی آماجگاہ ہے جس سے پاکستان بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔قائم مقام سپیکر نے مزید کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے 18 ویں ترمیم کے ذریعے صدر کو حاصل اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کر کے جمہوری روایات کو مزید مضبوط بنایا۔

- Advertisement -

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو پاکستان کے لئے چیلنج قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کا عالمی کاربن اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، اس کے باوجود پاکستان کواس کے شدید اثرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سلام آباد میں ہونے والی حالیہ ژالہ باری سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوئے۔ انہوں نے وفد کو پاکستان کے پارلیمانی نظام کے بنیادی ڈھانچے اور قانون سازی کے طریق کار سے آگاہ کیا۔انہوں نے 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسے عدالتی اصلاحات کے لئے ایک کلیدی اقدام قرار دیا۔وفد کے سربراہ لک ٹرائنگل نے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور ادارہ جاتی استحکام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط جمہوری نظام ہی عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا سکتا ہے۔

انہوں نے پاکستانی پارلیمنٹ کو عوامی نمائندہ ادارہ قرار دیتے ہوئے مقام کار کی جگہوں پر ماحول کو سازگار اوربہتر بنانے کے لئے اقدامات کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی یو سی دنیا بھر کے محنت کشوں کی آواز ہے اور تنظیم کا بنیادی مقصد مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے آزادی اظہار جیسے اصولوں کا فروغ ہے۔ لک ٹرائنگل نے موسمیاتی تبدیلی کو ایک عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک اس کے بدترین اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔بعد ازاں وفد نے قومی اسمبلی ہال کا بھی دورہ کیاجہاں پر وفد کو قومی اسمبلی کے ایوان کی تاریخی اہمیت اور ایوان میں ہونے والی اہم قانون سازی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586606

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں