لاہور۔24اپریل (اے پی پی):لاہور بھر میں ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا کی قیادت میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، جس کے مثبت اثرات شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی پر نمایاں طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کے دوران 23 ٹرک سامان ضبط کیا گیا، 102 املاک سیل کی گئیں جبکہ ایک مقدمہ درج کیا گیا۔ اردو بازار، سرکلر روڈ، فیروز پور روڈ، شادمان اور اچھرہ سمیت متعدد علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔
اس مہم کے تحت 5400 سے زائد غیر قانونی فلیکس ہٹا کر شہری مناظر کو بہتر بنایا گیا۔آپریشنز کی نگرانی چیف آفیسر شاہد عباس کاٹھیا نے کی جبکہ میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن ہیڈکوارٹرز، کاشف جلیل نے آپریشنل ٹیموں کی براہ راست سربراہی کی۔ انہوں نے کہا کہ اہم کارروائیوں کے نتیجے میں کئی علاقوں کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے اس موقع پر کہا کہ اینٹی انکروچمنٹ ڈرائیو نہ صرف شہر کی خوبصورتی کی عکاس ہے بلکہ شہریوں کو کھلی اور وسیع سڑکوں تک رسائی بھی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب لاہور کو صاف ستھرا اور تجاوزات سے پاک شہر بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی یہ کوششیں لاہور کو ایک ماڈل شہر بنانے کی جانب ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586963