گلگت۔24اپریل (اے پی پی):وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے اپنے ایک بیان میں بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں ہونے والی دہشت گردی اور اپنی انٹیلیجنس کی ناکامی کو چھپانے کے لیے پاکستان کے خلاف دھمکیوں کا سہارا لے رہا ہے، مگر بھارت کی یہ گیدڑ بھبکیاں پاکستان کو مرعوب نہیں کر سکتیں۔
گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور دنیا کی بہترین اور پیشہ ور افواج رکھتا ہے،افواجِ پاکستان دشمن کے کسی بھی قسم کے حملے یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، پورا پاکستان اور بالخصوص گلگت بلتستان کے عوام افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ بھارت کے میڈیا میں جنرل بخشی جیسے نیم پاگل افراد کی چیخ و پکار اور جھوٹی کہانیاں پاکستان کی سالمیت یا عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا، اور دشمن کو ہر محاذ پر شکست دے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587053