ڈھاکہ۔24اپریل (اے پی پی):بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)نے زمبابوے کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ مایہ ناز اوپننگ بلے باز انعام الحق کی تین سال بعد ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔زمبابوے کی ٹیم کو میزبان بنگلہ دیش کی ٹیم کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ زمبابوے کی ٹیم نے میزبان بنگلہ دیشی ٹیم کو 20 سے 24اپریل تک سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، سلہٹ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
بنگلہ دیش اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 28 اپریل سے ظہور احمد چودھری سٹیڈیم، چٹوگرام میں شروع ہوگا۔پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی میزبان بنگلہ دیشی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ انعام الحق کو ذاکر حسن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، انعام الحق جو جاری ڈھاکہ پریمیئر ڈویژن کرکٹ لیگ میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ 32 سالہ انعام الحق نے آخری بار 2022 میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔دوسری تبدیلی تنویر اسلام ہے وہ بھی 15 رکنی سکواڈ میں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، ان کو ناہید رانا کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
زمبابوے کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لئے اعلان کردہ 15 رکنی بنگلہ دیشی سکوا ڈ کی قیادت نجم الحسن شانٹو کریں گے جبکہ مہدی حسن مرزا ان کے نائب ہوں گے، دیگرکھلاڑیوں میں محمود الحسن جوئی،شادمان اسلام، انعام الحق، مومن الحق،مشفق الرحیم،معید الاسلام عنکون،ذاکر علی ، تیج الاسلام،نعیم حسن، تنویر اسلام،حسن محمود، خالد احمد اور تنظیم حسن ثاقب شامل ہیں۔واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 28 اپریل سے 2 مئی تک ظہور احمد چودھری سٹیڈیم، چٹوگرام میں کھیلا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587065