کویت سٹی۔24اپریل (اے پی پی):کویت کی وزارت بجلی و پانی کی ترجمان انجینئر فاطمہ جوہر حیات نے کہا ہے کہ کویت کے علاقے الوفرہ میں 100 ایسے گھروں کی نشاندہی کی گئی ہے جو کرپٹو کرنسی کی مائننگ کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ اردو نیوز کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ وزارت نے برقی نظام کی کارکردگی اور پائیداری کو یقینی بنانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کے تحت گزشتہ2 ہفتوں کے دوران کئی علاقوں میں بجلی کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیاہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزارت نے الوفرہ علاقے میں وسیع پیمانے پر مہم شروع کی ہے جس کے دوران اب تک 100 ایسے گھروں کی نشاندہی ہوئی ہے جن کا بجلی کا استعمال انتہائی زیادہ اور روایتی گھریلو استعمال سے مختلف پایا گیا ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ وہاں بجلی کو غیر مجاز سرگرمیوں خاص طور پر کرپٹو کرنسی مائننگ میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہاہے کہ تکنیکی تجزیے سےمعلوم ہوا ہے کہ ان گھروں میں بجلی کے استعمال کا انداز دن اور رات کے اوقات یا موسموں کے حساب سے عام گھریلو استعمال کی طرح مختلف نہیں ہوتا بلکہ یہ مسلسل بلند سطح پر رہتا ہے۔ اعداد و شمار سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ رواں سال مارچ کے دوران بعض گھروں نے ایک لاکھ کلو واٹ سے زائد بجلی استعمال کی ہے جو آس پاس کے گھروں کے مقابلے میں 20 گنا زیادہ ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ وزارت شہریوں اور مقیم افراد سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بجلی کا درست استعمال کریں اور وزارت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ وزارت غیر مجاز سرگرمیوں کے ذریعے بجلی کے بے جا استعمال میں ملوث کسی بھی فرد یا ادارے کے خلاف قانونی کارروائی کرنے میں کوئی نرمی نہیں برتے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587169