24.4 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 25, 2025
ہومتازہ ترینبھارتی گیدڑ بھبکیوں کا دو گنا بڑھ کر جواب دیا ہے، سندھ...

بھارتی گیدڑ بھبکیوں کا دو گنا بڑھ کر جواب دیا ہے، سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا کوئی قانونی جواز نہیں، عطاء اللہ تارڑ

- Advertisement -

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی گیدڑ بھبکیوں کا دو گنا بڑھ کر جواب دیا ہے، سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا کوئی قانونی جواز نہیں، پاکستان نے بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور کسی تیسرے ملک کے ذریعے تجارت معطل کر دی ہے۔

جمعرات کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی طرف سے بچگانہ اور انتہائی غیر سنجیدہ بیان دیا گیا، انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی نہ دستاویز پڑھی اور نہ قانونی حیثیت جاننے کی کوشش کی، سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا کوئی قانونی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی گیدڑ بھبکیوں کا بھرپور جواب دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت سے براہ راست تجارت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا البتہ کسی تیسرے ملک کے ذریعے بھی بھارت کے ساتھ تجارت مکمل طور پر بند ہے جس سے بھارت کی معیشت کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود بھارت کے لئے بند کر دی گئی ہے اس سے بھارتی ایئر لائنز کو ملین ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس صرف اونچی آواز اور گیدڑ بھبکیاں ہیں، یہ صرف ان کی باتیں تھیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی صحافیوں نے بھارتی میڈیا میں پاکستان کے کیس کو بھرپور طریقے سے لڑا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو پتہ ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کا سپانسر ہے، بھارت اپنے سیاسی فائدے کے لئے دہشت گردی کو استعمال کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن سٹیٹ ہے۔ آج قومی سلامتی کمیٹی میں بھارت کے ساتھ سود سمیت حساب برابر کیا ہے جس طرح ہم نے پلوامہ میں برتری حاصل کی، اسی طرح پاکستان نے بیانیہ کی جنگ میں بھی برتری حاصل کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہمیں کامیابیاں ملی ہیں، ہماری فوج اور سکیورٹی فورسز دہشت گردوں سے کامیابی سے نمٹ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کو سپانسر کر رہا ہے اس لئے انہیں یہ بات ہضم نہیں ہو رہی، ہمارے مغربی بارڈرز پر دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑی جارہی ہے، اس سے توجہ ہٹانے کے لئے بھارت نے اس اقدام کو بطور ہتھیار استعمال کیا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587258

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں